نئے بجٹ میں مہنگائی کی نئی لہر، حکومت کا بجلی، گیس اور پیٹرول مزید مہنگا کرنے کا منصوبہ

Express Zameen

 وفاقی حکومت کا بجٹ پلان: بجلی، گیس اور پیٹرول مزید مہنگا، عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاری مکمل

اسلام آباد (این این آئی) — وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2025-26 کے آغاز پر عوام پر مہنگائی کا نیا بوجھ ڈالنے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر مزید لیوی عائد کرنے، بجلی کے بلوں میں ڈیبٹ سروس سرچارج شامل کرنے اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت یکم جولائی 2025 سے بجلی اور گیس کے نرخوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل پر 5 روپے فی لیٹر کاربن لیوی عائد کی جائے گی، جبکہ صوبوں کو بجلی اور گیس پر کسی قسم کی سبسڈی نہ دینے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یکم جولائی 2025 اور 15 فروری 2026 کو گیس ٹیرف میں مزید ایڈجسٹمنٹس کی جائیں گی۔

حکومت نے بجٹ سے قبل ان تمام اقدامات پر آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرا دی ہے۔ گردشی قرضوں کی ادائیگی کے لیے بینکوں سے 1252 ارب روپے قرض لیا جائے گا، جو آئندہ 6 سالوں کے دوران بجلی صارفین سے وصول کیا جائے گا۔ اس کے لیے بجلی کے بلوں میں 10 فیصد ڈیبٹ سروس سرچارج شامل کیا جائے گا، جبکہ حکومت کو آئندہ اس سرچارج میں مزید اضافے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی اور گیس پر صرف ٹارگٹڈ سبسڈی دی جائے گی، جبکہ سبسڈی کی مجموعی مقدار میں واضح کمی کی جائے گی۔ نیپرا کی جانب سے سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ اور فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ بروقت لاگو کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ بیس ٹیرف اور ریونیو میں موجود خلا کو ختم کیا جا سکے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ سرکلر ڈیٹ مینجمنٹ پلان جولائی میں کابینہ سے منظور کرایا جائے گا۔ موجودہ اعدادوشمار کے مطابق جنوری 2025 تک بجلی کا گردشی قرضہ 2444 ارب روپے اور جون 2024 تک گیس کا گردشی قرضہ 2294 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔ اس بحران سے نمٹنے کیلئے اصلاحاتی اقدامات جاری رہیں گے، جبکہ آئی پی پیز سے مذاکرات کے ذریعے جون تک 348 ارب روپے کی ادائیگی کی جائے گی۔

حکومت کا کہنا ہے کہ توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود کاسٹ ریکوری کو بہتر بنا کر قیمتوں میں استحکام لانے کی کوشش کی جائے گی، تاہم نئے بجٹ میں عوام کو مہنگائی کی نئی لہر کیلئے تیار رہنا ہوگا۔

#buttons=(Accept !) #days=(20)

Our website uses cookies to enhance your experience. Check Now
Accept !