گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے افسران کے لیے سالانہ میڈیکل چیک اپ لازمی قرار
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی حکومت نے سول سروس میں بہتری اور افسران کی صحت کو یقینی بنانے کے لیے بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔ اب گریڈ 17 اور اس سے بلند تمام سرکاری افسران کے لیے ہر کیلنڈر سال میں باقاعدہ طبی معائنہ (میڈیکل چیک اپ) لازمی ہوگا۔ یہ اقدام "گائیڈ ٹو پرفارمنس ایویلیوشن" میں کی گئی حالیہ ترمیمات کے تحت کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس فیصلے کا بنیادی مقصد افسران کی جسمانی حالت کا جائزہ لینا، ممکنہ بیماریوں کی بروقت تشخیص اور ان کا مؤثر علاج یقینی بنانا ہے۔ میڈیکل رپورٹ اب سالانہ کارکردگی رپورٹ (پرفارمنس ایویلیوشن) کا مستقل حصہ بنے گی۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ 35 سال سے کم اور زیادہ عمر کے افسران کے لیے علیحدہ میڈیکل پروفارما تیار کیے گئے ہیں، اور طبی معائنہ صرف سرکاری اسپتالوں میں مجاز میڈیکل آفیسرز سے کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ بیرونِ ملک تعینات افسران کو متعلقہ سفارتی مشن پر یہ سہولت دستیاب ہوگی۔
ہر سال 31 مارچ تک افسران اپنی میڈیکل رپورٹس متعلقہ کیڈر ایڈمنسٹریٹرز کو جمع کروائیں گے، جبکہ تمام محکمے 30 اپریل تک میڈیکل چیک اپ کی تکمیل کا تصدیقی سرٹیفکیٹ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ارسال کرنے کے پابند ہوں گے۔
اگر کسی افسر کو طبی طور پر مکمل نااہل قرار دیا جاتا ہے تو اس پر حتمی فیصلہ وزیر اعظم کی منظوری سے ہوگا۔ اس نئے نظام کو سرکاری مشینری میں شفافیت، صحت مندانہ ماحول اور بہتر کارکردگی کے فروغ کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔