فوج کی تنخواہیں دُگنی اور دفاعی بجٹ میں اضافہ ضروری ہو گیا ہے: فیصل واوڈا

Express Zameen

 


فیصل واوڈا کا مطالبہ: دفاعی بجٹ میں اضافہ اور فورسز کی تنخواہیں دوگنا کی جائیں

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سینیٹر اور سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے سینیٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں ترقیاتی منصوبوں کے بجائے دفاعی امور کو ترجیح دینا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی جانب سے یہ واضح ہدایت دی گئی کہ کسی عام شہری کو نقصان نہ پہنچے، جب کہ پاک فوج نے دشمن کو بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارتی افواج کے 285 اہلکاروں کو ہلاک کیا۔ فیصل واوڈا نے مطالبہ کیا کہ تمام عسکری اداروں کے اہلکاروں کی تنخواہوں کو دوگنا کیا جائے تاکہ ان کی خدمات اور قربانیوں کو حقیقی معنوں میں سراہا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے دفاعی اخراجات میں اضافہ ناگزیر ہو چکا ہے، حتیٰ کہ اگر ہمیں دیگر شعبوں کے وسائل میں کٹوتی کرنی پڑے، تب بھی دفاع کو مضبوط بنانا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ بھارت نے ہماری کمزوری کا فائدہ اٹھا کر جارحیت کی کوشش کی، لیکن پاکستان کی افواج نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جنگ بندی کی پیشکش ہماری کمزوری نہیں بلکہ امن کی خواہش ہے، تاہم اگر دشمن نے دوبارہ جارحیت کی تو پاکستان جواب دینے میں دیر نہیں کرے گا۔

سینیٹر واوڈا کا کہنا تھا کہ اب وقت آ چکا ہے کہ موجودہ کشیدہ حالات کا فیصلہ کن حل نکالا جائے اور پھر ملک کو ترقی کی راہ پر واپس لایا جائے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ دفاعی بجٹ اور فوجی تنخواہوں میں اضافے جیسے اہم فیصلے اپوزیشن کو اعتماد میں لے کر کیے جائیں تاکہ قومی یکجہتی اور اتفاق رائے قائم ہو۔ ان کا یہ بھی مطالبہ تھا کہ پارلیمانی کمیٹیوں میں اپوزیشن کو موثر نمائندگی دی جائے تاکہ اہم قومی فیصلے سیاسی ہم آہنگی سے کیے جا سکیں۔

#buttons=(Accept !) #days=(20)

Our website uses cookies to enhance your experience. Check Now
Accept !