رانا ثناء اللہ نے بھارت کے خلاف مزید کارروائی سے گریز کا عندیہ دے دیا۔

Express Zameen

 


اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک): وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور، رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے مزید جارحیت سے اجتناب کیا تو پاکستان بھی کسی نئی کارروائی کی ضرورت محسوس نہیں کرے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی حملے کا فوری، بھرپور اور مؤثر جواب دیا ہے۔ اگر بھارت اب خاموشی اختیار کرتا ہے، تو پاکستان بھی ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر امن کو ترجیح دے گا۔ ان کا کہنا تھا: "ہم نے عالمی برادری کو واضح پیغام دیا ہے کہ اگر بھارت مزید کوئی اقدام نہیں کرتا، تو ہم بھی خاموش رہیں گے۔"

انہوں نے کہا کہ کشیدگی کا آغاز بھارت کی جانب سے ہوا تھا، لیکن پاکستان نے صرف اپنے دفاع میں بین الاقوامی ضابطوں کے مطابق جواب دیا۔ "ہم نے پہل نہیں کی، صرف دفاع کیا، اور اگر بھارت دوبارہ ایسی حرکت سے باز رہے تو ہم بھی مکمل طور پر پرامن رویہ اپنائیں گے۔"

رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ پاکستان نے عالمی برادری کو پیشکش کی ہے کہ وہ پلوامہ واقعے یا موجودہ کشیدگی جیسے معاملات کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کے لیے تیار ہے، اور ہر بین الاقوامی فورم پر اپنی پوزیشن واضح کرنے کو بھی تیار ہے۔

ادھر، وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی فضائیہ کے تقریباً 80 جنگی طیاروں نے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی۔ ان کے بقول، اگر پاک افواج کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت نہ دی جاتی تو صرف پانچ نہیں بلکہ پندرہ بھارتی طیارے مار گرائے جا سکتے تھے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے صرف ان طیاروں کو نشانہ بنایا جنہوں نے براہ راست پاکستانی سرزمین پر حملہ کیا۔ "ہم نے خود سے کوئی جارحیت نہیں کی، لیکن اپنے دفاع میں دشمن کو مؤثر اور فوری جواب دیا۔ پاکستان ہر لمحے اپنی سرزمین کے تحفظ کے لیے تیار ہے اور دشمن کو بھرپور جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔"

#buttons=(Accept !) #days=(20)

Our website uses cookies to enhance your experience. Check Now
Accept !