ملک کے بالائی علاقوں میں بارش کا امکان، میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) — محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج شام اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر ژالہ باری اور شدید بارش بھی ہو سکتی ہے، جس کے باعث شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
دوسری جانب، ملک کے میدانی علاقے بدستور شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران درجہ حرارت کئی علاقوں میں خطرناک حد تک بڑھ گیا۔
سب سے زیادہ گرمی جیکب آباد، تربت اور سبی میں ریکارڈ کی گئی جہاں پارہ 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔ بھکر، لسبیلہ، حیدرآباد اور نواب شاہ میں درجہ حرارت 45 ڈگری، جبکہ لاہور، ملتان، جہلم اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 42 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
پشاور اور مظفرآباد میں درجہ حرارت 39، اسلام آباد میں 38، کراچی میں 37، کوئٹہ میں 34، اور گلگت میں 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ شدید گرمی اور ممکنہ بارشوں کے پیش نظر حفاظتی تدابیر اختیار کریں، بالخصوص دن کے گرم ترین اوقات میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں۔