بھارت کا "کاویری انجن" منصوبہ سوشل میڈیا چندے کا محتاج، جدید طاقت کا دعویٰ مذاق بن گیا
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) — خود کو خطے کی بڑی طاقت اور دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت قرار دینے والا بھارت ان دنوں ایک عجیب صورتِ حال سے دوچار ہے۔ جدید دفاعی ٹیکنالوجی میں ترقی کے بلند و بانگ دعوے کرنے والا ملک اب اپنے حساس منصوبے “کاویری جیٹ انجن” کے لیے سوشل میڈیا پر چندہ جمع کرنے پر مجبور ہو چکا ہے۔
بھارتی شہریوں، دفاعی تجزیہ کاروں اور فضائی ٹیکنالوجی کے شوقین افراد نے ہیش ٹیگ #FundKaveriEngine کے ذریعے وزیرِاعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس منصوبے کو فوری توجہ دیں، مگر حیرت انگیز طور پر یہ مطالبات بجٹ میں فنڈز مختص کرنے کے بجائے عوامی چندے کی صورت میں کیے جا رہے ہیں۔
یہ مہم ایسی دکھائی دیتی ہے جیسے یہ کوئی قومی سلامتی کا نہیں بلکہ کسی دیہی علاقے کا عام فلاحی منصوبہ ہو جس کے لیے عطیات کی ضرورت پیش آئی ہو۔ رپورٹ کے مطابق بھارت میں اس اقدام کو حب الوطنی سے تعبیر کیا جا رہا ہے، جبکہ بین الاقوامی سطح پر اسے ایک ایٹمی طاقت کی بے بسی سمجھا جا رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ صورتحال نہ صرف بھارتی دفاعی اداروں کی کمزوری کو بے نقاب کرتی ہے بلکہ یہ بھی واضح کرتی ہے کہ عالمی طاقت بننے کا خواب صرف نعرے بازی سے نہیں بلکہ مضبوط عملی بنیادوں سے ہی پورا کیا جا سکتا ہے۔