ڈرامہ ’’ڈائن‘‘ میں احسن خان کا معاوضہ 1 کروڑ روپے، خود اداکار کا انکشاف
کراچی (این این آئی) — مقبول اداکار احسن خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ڈرامہ سیریل "ڈائن" میں اپنی اداکاری کے بدلے ایک کروڑ روپے معاوضہ وصول کیا۔
سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ کی پیشکش اور پروڈیوسرز عبداللہ کادوانی و اسد قریشی کے بینر تلے بننے والے اس ڈرامے نے ابتدائی اقساط میں ہی ناظرین کو اپنا گرویدہ بنا لیا ہے۔ احسن خان اور مہوش حیات کی جوڑی نے اسکرین پر اپنی موجودگی سے دھوم مچا رکھی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن خان نے بتایا:
"ڈرامہ 'ڈائن' میں میرے کام کا معاوضہ ایک کروڑ روپے ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ مہوش حیات کے ساتھ ان کی جوڑی ماضی میں بھی کامیاب رہی ہے اور ناظرین ہمیشہ انہیں ایک ساتھ پسند کرتے ہیں۔
ڈرامہ ڈائن کی کہانی فاطمہ فیضان اور عنبر اظہر نے تحریر کی ہے جبکہ ہدایات نامور ڈائریکٹر سراج الحق نے دی ہیں۔ ڈرامے کی کہانی، اداکاری اور پروڈکشن معیار نے اسے مختصر وقت میں مقبول ترین سیریلز کی فہرست میں شامل کر دیا ہے۔