ملک کی موجودہ جنگی صورتحال کے پیش نظر وفاقی وزارت صحت نے ہنگامی حالت کا اعلان کرتے ہوئے تمام طبی اداروں کو الرٹ کر دیا ہے۔ بدھ کو جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے فوری اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے اسلام آباد کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے اور طبی عملے کو مکمل طور پر چوکس رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزارت صحت اور اس کے ماتحت اداروں کے تمام ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور انتظامی عملے کی تمام چھٹیاں فی الفور منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ تمام ملازمین کو اپنے فرائض پر فوری طور پر حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے موجودہ حالات کے پیش نظر اپنے طے شدہ سرکاری دورے، جن میں جنیوا اور قطر شامل تھے، منسوخ کر دیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ نازک وقت میں میری اولین ترجیح ملک کے اندر صحت عامہ کا تحفظ اور بروقت طبی ردعمل کو یقینی بنانا ہے۔
مزید برآں، وفاقی ادارہ صحت میں ایک 24/7 ایمرجنسی کوئیک ریسپانس سینٹر قائم کر دیا گیا ہے، جو جنگی حالات اور دیگر طبی ہنگامی صورتحال کی نگرانی کرے گا اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ ردعمل کو ہم آہنگ بنائے گا۔ یہ سینٹر صوبائی اور ضلعی ہیلتھ اتھارٹیز کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گا۔
اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تمام صوبوں کے سیکریٹریز صحت کو وزارت صحت کے ساتھ ہمہ وقت رابطے میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ انہیں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ وقتاً فوقتاً جاری ہونے والی ہدایات کی روشنی میں اپنے ایمرجنسی پلانز کو اپ ڈیٹ رکھیں۔