ترکیہ کی پاکستان کی حمایت پر بھارت کا سخت ردعمل: تجارتی و تعلیمی تعلقات معطل
نئی دہلی (این این آئی) — جنگی جنون میں مبتلا بھارت نے پاکستان کی غیر مشروط حمایت کرنے پر ترکیہ کے ساتھ تجارتی اور تعلیمی روابط معطل کر دیے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، بھارتی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ ترکیہ سے تجارتی و تعلیمی تعاون وقتی طور پر منجمد کر دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے دوران ترکیہ کی جانب سے پاکستان کی کھلی حمایت کے تناظر میں کیا گیا۔
بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ "جو ممالک بھارت کی خودمختاری اور سالمیت پر سوال اٹھاتے ہیں، ان سے تعلقات پر نظرثانی ہماری خارجہ پالیسی کا مستقل حصہ ہے۔"
اس سے قبل بھارت نے ہوائی اڈوں پر خدمات فراہم کرنے والی ترک کمپنی سیلیبی ایئرپورٹ سروسز کی سیکیورٹی کلیئرنس منسوخ کر دی تھی، جو دہلی، ممبئی، بنگلور اور دیگر بڑے شہروں میں کام کر رہی تھی۔ اس کے جواب میں سیلیبی نے دہلی ہائی کورٹ میں قانونی چارہ جوئی شروع کر دی ہے۔ کمپنی نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ محض زبانی الزامات کی بنیاد پر سیکیورٹی کلیئرنس منسوخ کرنا غیر قانونی اور بلا جواز ہے۔
دوسری جانب بھارت میں ترک مصنوعات، خاص طور پر ترکیہ سے درآمد شدہ سیب کے بائیکاٹ کی مہم بھی سوشل میڈیا پر زور پکڑ رہی ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان تناؤ میں اضافے کا مظہر ہے۔