موٹروے زیادتی کیس: عابد ملہی اور شفقت بگا کی اپیلوں پر سماعت کی تاریخ مقرر
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) — لاہور ہائی کورٹ نے موٹروے گینگ ریپ کیس میں سزائے موت پانے والے مجرمان عابد ملہی اور شفقت بگا کی اپیلوں پر سماعت کے لیے 8 مئی کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔
یہ اپیلیں جسٹس سید شہباز علی رضوی اور جسٹس طارق محمود باجوہ پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو پیش کی جائیں گی۔ دونوں مجرموں نے انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزاؤں کے خلاف اپیلیں دائر کر رکھی ہیں۔
یاد رہے کہ یہ ہولناک واقعہ 9 ستمبر 2020 کو تھانہ گجر پورہ کی حدود میں پیش آیا تھا، جس میں خاتون کو بچوں سمیت گاڑی سے اتار کر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ مقدمے میں دہشت گردی، اغوا، ڈکیتی اور دیگر سنگین نوعیت کی دفعات شامل کی گئی تھیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے 20 مارچ 2021 کو دونوں ملزمان کو اجتماعی زیادتی پر سزائے موت، ڈکیتی پر 14 سال قید اور ڈھائی لاکھ روپے جرمانہ، بچوں کے اغوا پر عمر قید، اور گاڑی کو نقصان پہنچانے پر 5 سال قید کی سزا سنائی تھی۔
یہ کیس ملک بھر میں عوامی غم و غصے اور عدالتی اصلاحات کی آواز بن کر ابھرا تھا، اور اب عدالت میں زیر سماعت اپیلیں دوبارہ اس معاملے کو منظر عام پر لا رہی ہیں۔