اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ماہرین کا کہنا ہے کہ کھیرا نیند کے مسائل کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ برطانیہ کی ایبرسٹ وِتھ یونیورسٹی کے ڈاکٹر رابرٹ نیش اور ان کی تحقیقاتی ٹیم نے دریافت کیا ہے کہ کھیرا ایک خاص جزو Q Actin پر مشتمل ہوتا ہے، جو جسم میں سوزش کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ نیند کو کنٹرول کرنے والے میلاٹونن ہارمون کی مقدار میں اضافہ کرتا ہے۔
میلاٹونن وہ ہارمون ہے جو نیند کے نظام کو متوازن رکھتا ہے اور انسان کی نیند کی کیفیت کو بہتر بناتا ہے۔ ڈیلی اسٹار کی رپورٹ کے مطابق، تحقیق میں شامل رضاکاروں کو روزانہ 20 ملی گرام Q Actin بارہ ہفتوں تک دیا گیا، جس کے نتیجے میں ان کی نیند کے معیار میں نمایاں بہتری دیکھی گئی۔ اس کے علاوہ، یہ مرکب یادداشت، دماغی صحت اور جوڑوں کے درد میں بھی فائدہ مند ثابت ہوا۔
رپورٹ میں چین کی ایک علیحدہ تحقیق کا بھی ذکر ہے، جس کے مطابق اگر لوگ ہفتے کے اختتام پر دو گھنٹے اضافی نیند لیں تو ڈپریشن کے خطرے میں پچاس فیصد تک کمی آ سکتی ہے، خاص طور پر ان افراد میں جو ہفتے کے دوران کام اور خاندانی ذمہ داریوں کے باعث مناسب نیند نہیں لے پاتے۔
نیند سے متعلق ایک اور مطالعے میں خبردار کیا گیا ہے کہ اچانک الارم کی آواز نیند کے تسلسل کو متاثر کرتی ہے، جس کی وجہ سے دن بھر تھکن، ذہنی دباؤ اور چڑچڑے پن جیسے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ ماہرین کا مشورہ ہے کہ روزانہ ایک مقررہ وقت پر سونا اور جاگنا یا قدرتی روشنی کے ذریعے بیدار ہونا صحت کے لیے زیادہ مفید ہے۔