پسند کی شادی سے روکنے پر لڑکی گھر سے چوری کر کے فرار، پولیس کے ہاتھ گرفتار
لاہور (این این آئی) — لاہور میں پسند کی شادی کی اجازت نہ ملنے پر لڑکی اپنے ہی گھر سے زیورات، نقدی اور دیگر قیمتی سامان چوری کر کے فرار ہو گئی، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے لڑکی کو مالِ مسروقہ سمیت گرفتار کر لیا۔
رپورٹ کے مطابق، چوکی چلڈرن اسپتال پولیس نے اسٹاپ پر موجود مشکوک لڑکی کو چیک کیا تو اُس نے غلط بیانی کی کوشش کی، مگر ناکام رہی۔ تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ لڑکی قصور کی رہائشی ہے اور والدین کے انکار پر پسند کی شادی کے لیے گھر سے فرار ہوئی۔
پولیس نے لڑکی کے قبضے سے طلائی زیورات، نقدی اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔ ایس پی اخلاق اللہ تارڑ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ مشکوک افراد یا سرگرمیوں کی فوری اطلاع 15 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔