لاہور (این این آئی) – پنجاب وائلڈ لائف نے گجرانوالہ سے دو غیر قانونی شیر برآمد کر کے گرفتاریاں عمل میں لائی ہیں۔ ملزم لقمان نامی شہری کی ٹک ٹاک ویڈیو میں شیر کو زنجیر لگا کر شہری آبادی میں گھماتے اور اسلحہ دکھاتے ہوئے دیکھا گیا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور شہریوں کی جان کو خطرہ لاحق ہو گیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف رینجر شیخ زاہد اقبال کی ہدایت پر سینئر وائلڈ لائف رینجر محمد عمیر نے نواحی علاقے بٹالہ شرم سنگھ میں واقع فارم ہاؤس پر چھاپہ مار کر دو شیر بازیاب کرائے۔ ملزم محمد اکرم کے خلاف وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ ٹک ٹاک ویڈیو بنانے والے لقمان عرف لوہا کی گرفتاری ابھی ممکن نہیں ہو سکی۔
پنجاب وائلڈ لائف ایکٹ 1974ء (ترمیم شدہ 2025ء) کے تحت شہری آبادیوں میں بگ کیٹس رکھنا اور ان کی نمائش کرنا جرم ہے۔ پنجاب وائلڈ لائف نے بگ کیٹس کو شہری علاقوں میں رکھنے پر مکمل پابندی عائد کی ہے اور سوشل میڈیا پر ایسے خطرناک ویڈیوز شیئر کرنے پر بھی پابندی ہے۔