اسلام آباد (این این آئی) — ملک میں توانائی کے بحران اور مہنگی بجلی سے پریشان عوام تیزی سے شمسی توانائی کی جانب متوجہ ہو رہے ہیں، جس کے نتیجے میں پاکستان دنیا میں سولر پینلز درآمد کرنے والا تیسرا بڑا ملک بن گیا ہے۔
امپورٹرز کے مطابق، ہر ماہ دو سے ڈھائی ہزار کنٹینرز سولر پینلز سے لدے بندرگاہوں پر پہنچ رہے ہیں، جس سے مقامی مارکیٹ میں اس شعبے کا کاروبار بھی نمایاں طور پر فروغ پا رہا ہے۔ سولر سسٹمز کی بڑھتی ہوئی طلب نے دکانداروں، سپلائرز اور انسٹالیشن کمپنیوں کے لیے نئے مواقع پیدا کر دیے ہیں۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر حکومت اس رجحان کو مزید پالیسی سہولیات فراہم کرے تو ملک توانائی کے شعبے میں انقلابی تبدیلی لا سکتا ہے۔