اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سابق بھارتی ایئر مارشل سنجیو کپور نے پاکستانی فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا برملا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نہایت منظم، تجربہ کار اور چاق و چوبند ہیں، جو ہر قسم کے چیلنج کا مؤثر انداز میں جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
نجی ٹی وی "جیو نیوز" کی رپورٹ کے مطابق یہ اعتراف بھارت کے معروف ٹی وی اینکر ارناب گوسوامی کے پروگرام میں سامنے آیا، جہاں پاکستان کی ممکنہ جوابی کارروائیوں پر گفتگو جاری تھی۔ پروگرام کے دوران جب ایک بھارتی صحافی نے پاکستان کے ردعمل پر تبصرہ کیا تو میزبان نے سابق ایئر مارشل سے رائے مانگی، جس پر سنجیو کپور نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ’’پاکستانی فوج انتہائی پیشہ ورانہ اور تجربہ کار فورس ہے، اور اگر حالات بگڑتے ہیں تو پاکستان خاموش نہیں بیٹھے گا۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے ذاتی طور پر بھی موجودہ صورتحال کے پیش نظر تیاری کر رکھی ہے، کیونکہ وہ اچھی طرح واقف ہیں کہ پاکستانی افواج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی اہلیت رکھتی ہیں۔
یہ بیان اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بھارتی عسکری حلقوں میں بھی پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو مکمل طور پر تسلیم کیا جاتا ہے۔