مئی اور جون میں ہیٹ ویو کا خطرہ، محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری جاری

Express Zameen


 کھاریاں: قربانی کے جانوروں اور شہریوں کو ہیٹ ویو سے بچانے کے لیے انتظامیہ متحرک

کھاریاں (این این آئی) عید الاضحی کی آمد اور ممکنہ ہیٹ ویو کے پیش نظر ضلع بھر میں قائم کی جانے والی مویشی منڈیوں میں شہریوں، بیوپاریوں اور قربانی کے جانوروں کو گرمی سے محفوظ رکھنے کے لیے اہم اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک کی ہدایت پر تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور میونسپل کمیٹیوں کے چیف آفیسرز کو واضح احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) پہلے ہی مئی اور جون کے دوران شدید گرمی کی لہر (ہیٹ ویو) کے خدشے سے متعلق ایڈوائزری جاری کر چکی ہے۔ اس کے تحت درج ذیل حفاظتی اقدامات کو فوری طور پر یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے:

  • ہیٹ ویو کیمپ قائم کیے جائیں: مویشی منڈیوں میں سایہ دار مقامات، پینے کا صاف پانی، فرسٹ ایڈ کٹس، مسٹنگ فینز اور دیگر سہولیات مہیا کی جائیں۔

  • طبی مراکز کا قیام: خریداروں اور بیوپاریوں کے لیے فوری طبی امداد کے لیے صحت مراکز قائم کیے جائیں۔

  • ریسکیو 1122 کی مدد: موبائل میڈیکل ٹیمیں فعال کی جائیں تاکہ ایمرجنسی کی صورت میں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔

  • بڑی منڈیوں میں واٹر سپرنکلرز: گرمی کی شدت کم کرنے کے لیے مسٹنگ فینز اور پانی کے چھڑکاؤ کا بندوبست کیا جائے۔

  • جانوروں کی دیکھ بھال: قربانی کے جانوروں کے لیے پانی کی فراہمی اور ویٹرنری ہیلتھ سینٹرز کا قیام کیا جائے۔

  • سایہ دار شیڈز: جانوروں کو وقتاً فوقتاً سایہ دار جگہوں پر منتقل کرنے کا شیڈول مرتب کیا جائے تاکہ ہجوم اور دباؤ سے بچا جا سکے۔

  • گرد و غبار کا کنٹرول: منڈی کے گرد پانی کا چھڑکاؤ باقاعدگی سے کیا جائے، خاص طور پر آندھی یا گرد آلود موسم کے بعد۔

  • عوامی آگاہی: منڈی کے داخلی راستوں پر ہیٹ ویو سے بچاؤ کی تدابیر والے بینرز لگائے جائیں اور لاوڈ اسپیکر کے ذریعے شہریوں کو وقفے وقفے سے احتیاطی ہدایات دی جائیں۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ لی جائے گی تاکہ ہیٹ ویو سے بچاؤ کے اقدامات پر عملدرآمد کی نگرانی کی جا سکے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ انسانی جانوں اور قربانی کے جانوروں کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے اور تمام متعلقہ ادارے آپس میں مکمل رابطہ رکھ کر کام کریں تاکہ عوام کو ایک محفوظ، آرام دہ اور صاف ماحول فراہم کیا جا سکے۔

#buttons=(Accept !) #days=(20)

Our website uses cookies to enhance your experience. Check Now
Accept !