مائیکروسافٹ کی چھانٹیاں: بہترین کارکردگی کے باوجود اے آئی ماہر انجینئرز فارغ
نیویارک (این این آئی) مائیکروسافٹ کی حالیہ چھانٹیوں کا سب سے بڑا نشانہ سافٹ ویئر انجینئرز بنے ہیں، حالانکہ کمپنی تیزی سے مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی کوڈنگ اور سسٹمز کی طرف گامزن ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مائیکروسافٹ نے عالمی سطح پر تقریباً 6,000 ملازمین کو برطرف کیا، جن میں سے سب سے زیادہ یعنی 40 فیصد سے زائد صرف واشنگٹن ریاست میں تعینات سافٹ ویئر انجینئرز تھے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ ان ہی انجینئرز کو چند ماہ قبل یہ ہدایات دی گئی تھیں کہ وہ اپنی کارکردگی بڑھانے کے لیے اے آئی ٹولز سے بھرپور استفادہ کریں۔ انجینئرز نے ان ٹولز کا کامیابی سے استعمال کرتے ہوئے اپنی کارکردگی میں نمایاں بہتری دکھائی، تاہم اس کے باوجود انہیں ملازمت سے نکال دیا گیا۔
ماہرین اس فیصلے کو متنازع اور غیر متوقع قرار دے رہے ہیں، کیونکہ جن افراد نے کمپنی کی نئی اے آئی حکمت عملی کو آگے بڑھایا، انہی کو عملے میں کمی کی زد میں لایا گیا۔ یہ اقدام ٹیک انڈسٹری میں جاری غیر یقینی صورت حال اور خودکار نظاموں کے انسانی ملازمتوں پر اثرات پر ایک نیا سوال اٹھاتا ہے۔