کراچی (این این آئی) — معروف ماہر فلکیات ڈاکٹر فہیم ہاشمی نے پیش گوئی کی ہے کہ پاکستان میں ذوالحج کا چاند 28 مئی کو نظر آنے کا قوی امکان ہے، جس کے تحت عیدالاضحیٰ 7 جون بروز جمعہ کو منائے جانے کی توقع ہے۔
ڈاکٹر فہیم کے مطابق 27 مئی کو نیا چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں کیونکہ اس وقت غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر صرف 11 گھنٹے ہوگی، جو رؤیت کے لیے ناکافی ہے۔ تاہم 28 مئی کو چاند کی عمر 35 گھنٹے سے تجاوز کر جائے گی، جس کی وجہ سے چاند نظر آنے کے امکانات بہت زیادہ ہیں۔
ماہر فلکیات کے مطابق فلکیاتی حسابات عیدالاضحیٰ کے جلد ہونے کی نشاندہی کر رہے ہیں، تاہم حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
