پاکستانی جوہری تنصیبات سے تابکاری کے اخراج کی افواہیں بے بنیاد قرار، عالمی ایٹمی ادارے کی وضاحت

Express Zameen


 آئی اے ای اے نے بھارتی الزامات کو مسترد کر دیا، پاکستان کی جوہری تنصیبات سے تابکاری اخراج کی خبروں کی تردید

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) — مودی سرکار کو ایک بار پھر عالمی سطح پر سبکی کا سامنا کرنا پڑا، جب بین الاقوامی جوہری ادارے آئی اے ای اے (International Atomic Energy Agency) نے پاکستان کے جوہری پروگرام سے متعلق بھارتی الزامات کو واضح طور پر مسترد کر دیا۔

سما نیوز کی رپورٹ کے مطابق، آئی اے ای اے نے ان افواہوں کو بے بنیاد قرار دیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ بھارتی فضائی کارروائی کے بعد پاکستان کی جوہری تنصیبات سے تابکار مواد خارج ہوا۔ ادارے نے وضاحت کی ہے کہ ایسی کسی سرگرمی یا اخراج کی کوئی مصدقہ اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

یہ وضاحت اس وقت سامنے آئی جب بھارت کے "آپریشن سندور" کے بعد سوشل میڈیا اور بعض بین الاقوامی ذرائع ابلاغ پر یہ دعویٰ کیا جانے لگا کہ سرگودھا کے قریب واقع کڑانہ پہاڑیوں پر بھارتی حملے سے مبینہ طور پر جوہری حادثہ پیش آیا۔

آئی اے ای اے کے ترجمان فریڈرک ڈہل نے ان تمام دعوؤں کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ادارے کے پاس موجود معلومات کے مطابق پاکستان کی کسی بھی ایٹمی تنصیب سے کوئی تابکاری اخراج نہیں ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادارے نے یہ وضاحت عوام میں پھیلنے والی گمراہ کن معلومات کی تصحیح کے لیے جاری کی ہے۔

علاوہ ازیں، بھارتی فضائیہ نے بھی سرکاری طور پر اس بات کی تردید کی ہے کہ انہوں نے کسی جوہری مقام کو نشانہ بنایا۔ ایئر مارشل اے کے بھارتی نے کہا کہ تمام کارروائیاں صرف روایتی اہداف تک محدود تھیں۔ بھارتی وزارت خارجہ نے بھی اس مؤقف کی تائید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ حملوں کا مقصد دفاعی نوعیت کا تھا، نہ کہ پاکستان کی ایٹمی تنصیبات کو نشانہ بنانا۔

یہ پیش رفت ایک بار پھر اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی ادارے پاکستان کے جوہری تحفظ اور احتیاطی اقدامات کو سنجیدہ اور ذمہ دارانہ قرار دیتے ہیں، جبکہ بھارت کا پروپیگنڈہ ایک بار پھر بے نقاب ہو چکا ہے۔

#buttons=(Accept !) #days=(20)

Our website uses cookies to enhance your experience. Check Now
Accept !