عمران خان کی رہائی کے امکانات محدود، بیٹوں کا اہم بیان سامنے آگیا

Express Zameen

 


عمران خان کے بیٹوں کا اہم انکشاف: "والد کی رہائی کے لیے آپشنز ختم ہو رہے ہیں"

اسلام آباد (این این آئی) سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے بیٹوں، سلیمان خان اور قاسم خان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے والد کی رہائی کے لیے اب دستیاب راستے ختم ہوتے جا رہے ہیں۔ ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ انسانی حقوق، آزادی اظہار اور جمہوریت کے لیے آواز بلند کرے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، سوشل میڈیا انفلوئنسر ماریو نوفل کو دیے گئے انٹرویو میں قاسم خان نے کہا کہ "ہم نے ہر قانونی اور آئینی راستہ آزمایا، لیکن ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ ہمارے والد اتنے طویل عرصے تک قید میں رہیں گے۔ اب حالات مزید خراب ہو رہے ہیں، اور ہمارے پاس عوامی سطح پر آواز بلند کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں بچا۔"

انہوں نے عمران خان کی قید کے حالات کو "غیر انسانی" قرار دیا اور کہا کہ انہیں ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ سلیمان خان نے کہا کہ "تمام قانونی دروازے کھٹکھٹانے کے باوجود ہمیں خاطر خواہ کامیابی نہیں ملی۔ اب ہمیں لگتا ہے کہ بین الاقوامی دباؤ ہی ایک واحد امید ہے۔"

جب ان سے سابق امریکی عہدیدار رچرڈ گرینل کی حمایت پر رائے لی گئی، تو سلیمان خان نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک ان سے براہ راست بات نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا، "ہم ہر اُس حکومت سے اپیل کریں گے جو آزادی اظہار اور جمہوریت کی علمبردار ہو، اور اگر کوئی عالمی لیڈر اس میں کردار ادا کر سکتا ہے تو وہ ڈونلڈ ٹرمپ ہو سکتے ہیں۔"

دونوں بیٹوں نے کہا کہ ان کا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں اور یہ انٹرویو دینے سے پہلے انہوں نے اپنے والد کی اجازت لی تھی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ دو سے تین ماہ میں وہ صرف ایک بار ہی عمران خان سے بات کر پائے ہیں۔

#buttons=(Accept !) #days=(20)

Our website uses cookies to enhance your experience. Check Now
Accept !